بنگلورو ، 15/جون (ایس او نیوز/ایجنسی ) ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کلیان کرناٹک کے لیے 5000 کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے ۔ اسمبلی انتخابات کے موقع پر انتخابی منشور میں اور بجٹ میں کیے گئے وعدہ کے مطابق کلیان کرناٹک خطے کی ترقی کے لیے سالانہ 5000 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ سدارامیا نے کے کے آرڈی بی حکام کو 15 جولائی تک اس کے لیے ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بروز جمعہ کے کے آر ڈی بی کے عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ میں بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ جن کاموں کی منظوری دی گئی ہے اور جن کاموں کے ٹینڈر نہیں طلب کیے گئے ہیں، ان کے لیے فوری طور پر ٹینڈر طلب کیے جائیں۔ 14،228 کروڑ کی کل گرانٹ میں سے 10,342.90 کروڑ روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔ 2,885.90 کروڑ روپے باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر التواء کاموں کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور عمل درآمد میں در پیش مسائل کو دور کیا جائے ۔ باقی 3,528 کام جولائی کے آخر تک شروع کر دیئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے تجویز دی کہ کلیان کرنا ٹک علاقہ میں تعلیم،صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زیادہ ز زور دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو سال کو تعلیمی سال قرار دیتے ہوئے گرانٹ کا 25 فیصد خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صحت کے شعبے میں بنیادی مراکز صحت کا مطالبہ ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پرائمری ہیلتھ سینٹرز کے قیام کے لیے تجویز کردہ اصولوں کے مطابق تجویز پیش کی جائے ۔ منشور میں اعلان کیا گیا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں خواتین کے 41 ڈگری کالجز شروع کیے جائیں گے۔ اس کو شروع کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے جنگلات اور پینے کے صاف پانی، چیک ڈیموں کو ترجیح دیتے ہوئے زیر زمین پانی کی سطح کو بڑھانے کے لیے ضروری کارروائی کرنے اور پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی۔